وزیر اعظم شہباز شریف نے سردار ایاز صادق کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی قلمدان سونپ دیا۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹفیکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے رولز آف بزنس 1973 کے رول 3 (4 ) کے تحت سردار ایاز صادق کو وزارت قانون اور انصاف کا وزیر مقرر کردیا۔
جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سردار ایاز صادق فوری طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، سردار ایاز صادق اقتصادی امور کے بھی وزیر ہیں۔
واضح رہے گزشتہ ہفتے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس کے چند گھنٹوں بعد ہی رات گئے سامنے آنے والی پیش رفت میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر میں بطور وفاقی وزیر اپنی ذمہ داریاں جاری نہیں رکھ سکتا۔
اس استعفے کی خبروں کے دوران کچھ ٹی وی چینلز کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اعظم نذیر تارڑ نے لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں ’اسٹیبلشمنٹ مخالف نعروں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے حوالے سے یہ بھی کہا جارہا تھا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کے ساتھ ساتھ کچھ ‘جونیئر ججوں’ کے حق میں اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے بھی شدید دباؤ میں تھے جنہیں سپریم کورٹ میں ترقی دی جا رہی تھی۔اعظم نذیر تارڑ، عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے جہاں کچھ شرکا نے اپنی تقریر کے دوران اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نعرے لگائے تھے۔