پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز، ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر بند کرنا شروع

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا آغاز، ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر بند کرنا شروع

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لبرٹی چوک سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف نے لاہور سے اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنما بھی پہنچ چکے ہیں۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہم کسی کو فتح کرنے کے لیے نہیں نکلے بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں فوری اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ نہیں کہ تحریکِ انصاف کو حکومت واپس کر دو اور عمران خان کو وزیرِ اعظم بناؤ۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی، سماجی اور سیاسی بحران نظر آ رہا ہے، اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ نیا الیکشن ہے۔اسد عمر نے کہا کہ آئین ہمیں سال کے 365 دن روزانہ جلسہ کرنے کی اجازت دیتا ہے، ہم نے جمعہ 4 نومبر کے لیے دھرنے اور جلسوں کا سلسلہ شروع کرنے کی درخواست دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا چارٹر آف ڈیمانڈ صرف اور صرف الیکشن ہے، رانا ثناء اللّٰہ نے بڑی دھمکیاں دیں، ڈرانے اور خوف زدہ کرنے کی کوشش کی، مگر کوئی ان سے ڈر نہیں رہا۔پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے بڑی مونچھ بھی رکھی، تاؤ بھی دیے مگر مجھ سےتو کوئی ڈرتا ہی نہیں۔دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون کے داخلی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کرنا شروع کر دیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --