پی ٹی آئی نے فیصل واوڈا کی بنیادی رکنیت معطل کردی

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصل واوڈا کی بنیادی رکنیت معطل کردی۔ فیصل واوڈا کو پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے پارٹی پالیسی کی سخت خلاف ورزی کی ہے،  دو دن میں وضاحت دیں کہ کیوں نہ ان کی بنیادی رکنیت معطل کی جائے؟

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا جب تک معطل ہیں میڈیا پر پی ٹی آئی کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان جو پرامن مارچ کرنے جارہے ہیں یہ ہمارا جمہوری حق ہے، لاشوں اور خون کا کھیل اس ملک میں بند ہونا چاہیے، لانگ مارچ کے بیانیےکی آڑ میں سازش رچائی جارہی ہے، عوام ہرچیز پر لبیک کہیں لیکن کسی اور کے لیے بے گناہ موت نہ مریں، پر امن احتجاج کی آڑ میں بہت سارا خون بہتا دیکھ رہا ہوں۔

پریس کانفرنس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرنےکا فیصلہ کیا تھا۔ ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمرکا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کا بیان پارٹی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --