چوروں اور امریکا کے غلاموں کو ہم پر مسلط کیا گیا، عمران خان

چوروں اور امریکا کے غلاموں کو ہم پر مسلط کیا گیا، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی کے لیے بہت جلد کال دینے والا ہوں۔پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا میں آپ کو حقیقی آزادی کے لیے تیار کرنے آیا ہوں، آزادی ملتی نہیں چھیننی پڑتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا چوروں اور امریکا کے غلاموں کو ہم پر مسلط کیا گیا، امریکی سازش کے تحت ہم پر امریکی غلاموں کو بٹھایا گیا، یہ چور اپنے سارے کرپشن کے کیسز ختم کررہے ہیں اور عوام مہنگائی میں ڈوب گئی ہے، معیشت تباہ ہو رہی ہے اور وزیراعظم امریکا میں بھیک مانگ رہا ہے کہ ہمیں پیسے دے دو، انہیں شرم نہیں ہے کہ ملک جو ذلیل کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنا جہاد ہے، میں ان چوروں کے سامنے کھڑا ہوا ہوں لیکن ناانصافی کے خلاف بزدل اور خود غرض لوگ نہیں کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کرکٹ سے سیاست تک چیلنج لیے، انسان کی پرواز میں سب سے بڑی رکاوٹ خوف ہے، غلام جوتے پالش کرتے ہیں اور لیڈر آزاد ہوتے ہیں، بزدل انسان کبھی بڑا لیڈر نہیں بن سکتا وہ نواز شریف بن جاتا ہے، نواز شریف ہر مشکل وقت میں باہر چلا جاتا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا میں بہت جلد کال دینے والا ہوں، سب سے آگے میں خود ہوں گا، جیل تو کیا جان دینے کے لیے تیار ہوں، ملک کی حقیقی آزادی کے لیے سب نے نکلنا ہے، زنجیریں توڑی جاتی ہیں، آزادی چھیننی پڑتی ہے۔

گورنر سندھ کی تعیناتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک مجرم کو گورنر بنایا گیا ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

-- مزید آگے پہنچایے --