بنگلہ دیش کے شہر سہلٹ میں جاری ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں تھائی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دیدی، تھائی لینڈ کی ٹیم کی اس اپ سیٹ شکست میں اہم کردار نٹتھاکان چنتھم کی بیٹنگ اور سونارائن ٹیپوچی کی شاندار بائولنگ کا رہا، یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی پہلی شکست ہے اس سے قبل قومی ویمن کرکٹ ٹیم ملائیشیا اور بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی حاصل کرچکی ہے، تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کپتان بسمہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے 56 رنز کی اننگز کھیلی
تھائی لینڈ کی جانب سے سورن نارائن ٹیپوچی نے دو جبکہ تیپاچا پوٹاوانگ نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ چار وکٹوں سے جیت لیا ، تھائی لینڈ کی جانب سے نتھاکان چنتھم نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار اور طوبیٰ حسن نے دو دو جبکہ ناشرہ سدھو اور کائنات امتیاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔