قومی اسمبلی اجلاس،پاک ،چین سفارتی تعلقات کی75ویں سالگرہ پر چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی اجلاس،پاک ،چین سفارتی تعلقات کی75ویں سالگرہ پر چینی حکومت اور عوام کو مبارکباد کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی نے آج ایک قرارداد منظور کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر چین کی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ۔

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دوستی کا یہ رشتہ آئندہ دہائیوں میں مزید ولولے اور مضبوطی کے ساتھ پروان چڑھتا رہے گا۔

ایوان نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر مشکل گھڑی میں قابلِ اعتماد سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کیلئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

ایوان نے اس پختہ عزم کا اظہار بھی کیا کہ اگلے75 سال پاکستان اور چین کے درمیان اور بھی زیادہ مضبوط، کثیر جہتی اور باہمی طور پر مفید تعلقات پر مبنی ثابت ہونگے۔

قبل ازیں چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے وائس چیئرمینCai Dafeng کی قیادت میں چینی وفد نے آج قومی اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کی جانب سے ڈیسک بجا کر چینی وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا گیا۔

سپیکر نے کہا کہ چین کے پارلیمانی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر ہو رہا ہے۔

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنے بیان میں اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں بہترین دوست ہیں۔

سید نوید قمر نے کہا کہ دونوں ملکوں کی تمام حکومتوں اور قیادت کی مسلسل کوششوں کی بدولت گزشتہ دہائیوں کے دوران پاک-چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --