پاکستان خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا: وزیراعظم

پاکستان خطے میں امن کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور دیانتدارانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ یقین دہانی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایک پچاس منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کرائی۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے 11 اور 12 تاریخ کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کو سراہا۔

وزیراعظم نے ایران کی جانب سے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد اسلام آباد بھیجنے کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا، جس نے گزشتہ روز اہم ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف عالمی رہنماؤں سے روابط نے جنگ سے متاثرہ خطے میں دیرپا امن کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے حق میں وسیع اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔

صدر پزشکیان نے امن کی کوششوں میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے کردار کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط اور وسیع ہوں گے۔

وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --