وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے فروغ کیلئے جاری اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کی درآمدات پر بوجھ کم کرے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کیلئے بھی نہایت اہم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل ای وی پالیسی کے تحت کم آمدن والے افراد کیلئے الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر دی جانے والی سبسڈی میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور اس اسکیم پر عملدرآمد کو تیز کیا جائے۔
اجلاس کو ملک بھر میں ای وی کے فروغ کیلئے جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اب تک الیکٹرک موٹر سائیکلوں اور رکشوں کیلئے 72 مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹس جبکہ الیکٹرک کاروں کیلئے 4 سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں، ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کیلئے 123 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ملک میں 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے ایندھن کی مد میں تقریباً 4.5 ارب ڈالر کی بچت متوقع ہے۔مزید بتایا گیا کہ سرکاری ملازمین کو گریڈ 16 تک آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔