وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم

وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے یہ عزم آج اسلام آباد میں پولیو کے خاتمے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ظاہر کیا۔ وزیراعظم نے پولیو ٹیموں کی انتھک محنت کو سراہا اور پولیو فری پاکستان کے حصول کیلئے مسلسل اقدامات پر زور دیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سال 2026 میں اب تک پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جو سندھ کے ضلع سجاول سے سامنے آیا، جبکہ 2024 میں 74 اور 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

مزید بتایا گیا کہ رواں سال پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

حکام نے آگاہ کیا کہ متاثرہ اضلاع کی تعداد 2025 کے آغاز میں 67 سے کم ہو کر 2026 میں 23 رہ گئی ہے، جبکہ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کی کوریج 98 فیصد برقرار ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات اور انسداد پولیو مہم کو یکجا کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی اسکیموں کو بھی پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے ساتھ منسلک کرنے پر کام جاری ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --