پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا: عطا اللہ تارڑ

پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا: عطا اللہ تارڑ

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

خصوصی ٹی وی بیان میں انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال گزر چکا ہے، تاہم بھارت اپنے دعوؤں کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایک ایسے ذہن کی عکاسی کرتا ہے جو کھوکھلے پن، غیر منطقی سوچ، جھوٹی انا اور لالچ پر مبنی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کو بیرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعات کو داخلی معاملہ قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جسے وہ بیرونی رنگ دیتا ہے، جبکہ جموں و کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازع ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کا فریب پر مبنی بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے اور پہلگام واقعہ بھی ماضی کی طرح ایک فالس فلیگ آپریشن کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے نمٹنے میں بھارت نے غیر سنجیدہ اور سطحی طریقہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس واقعے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت نے اس سے گریز کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ایک من گھڑت کارروائی تھی۔

وزیر اطلاعات نے نشاندہی کی کہ واقعے کے صرف دس منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج ہونا غیر معمولی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دستاویز پہلے سے تیار تھی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی اس واقعے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیے اور فالس فلیگ آپریشنز پر مبنی پروپیگنڈا زیادہ دیر تک عالمی سطح پر قائم نہیں رہ سکتا، یہی وجہ ہے کہ بھارت اس معاملے پر کوئی مضبوط مؤقف پیش کرنے میں ناکام رہا۔

عطا اللہ تارڑ نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی اور بے بنیاد خبریں پھیلائیں، تاہم اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔

انسانی حقوق کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوتوا نظریے کے تحت بھارت میں اقلیتوں کو ان کے حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے اور مسلمانوں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کو استعمال کر رہا ہے اور مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے شواہد بھی اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد بھارت کی پالیسی مزید بے نقاب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور بلوچستان لبریشن آرمی اور تحریک طالبان پاکستان جیسے عناصر کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے اور خضدار واقعے سمیت کئی واقعات میں بھارت کے کردار کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جنہیں عالمی برادری کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹ رہا ہے اور اس کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی عسکری قیادت کے بیانات ان کی ناکامی کی عکاسی کرتے ہیں اور کسی بھی مہم جوئی کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے "معرکۂ حق” میں بھارت کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا، جبکہ بھارت تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان امن کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور ملکی سیاسی و عسکری قیادت دفاع وطن کیلئے مکمل طور پر متحد ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --