وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔وزیراعظم نے اعلیٰ درجے کے پیٹرول پر عائد محصول میں اضافے کے فیصلے کے تسلسل میں یہ اقدام کیا۔ایک بیان میں انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی محکمے، ادارے اور ذیلی دفاتر اس فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد قومی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے حکومتی اخراجات میں کمی آئے گی اور عوامی وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عمل کرتے ہوئے غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس فیصلے کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں پہلے ہی پچاس فیصد کمی کی جا چکی ہے، جبکہ ساٹھ فیصد سرکاری گاڑیاں بند کی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے حاصل ہونے والی بچت کو عوام کو سہولت دینے اور سستا ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔