رجیم چینج ایران نہیں اب مغرب میں ہونے والا ہے، حافظ نعیم الرحمان

رجیم چینج ایران نہیں اب مغرب میں ہونے والا ہے، حافظ نعیم الرحمان

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے ایران کی لیڈرشپ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے امریکا و اسرائیل کے عزائم کو خاک میں ملادیا، امریکا ایران میں رجیم چینج کرنا چاہتا تھا، اب رجیم چینج مغرب میں ہونے والا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے پوری امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔

اِن کا کہنا تھا کہ ایک طرف عید کی خوشیاں ہیں تو دوسری جانب غزہ کے بے گھر عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے غزہ کے بچوں اور مجاہدین کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ملبے کے ڈھیروں پر عید گزاری۔

حافظ نعیم نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملوں کا آغاز اسکول کی 176 بچیوں کو نشانہ بنا کر کیا۔

اُنہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اِن حملوں کی مذمت کریں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ امریکا، اسرائیل اور بھارت کے ’ٹرائیکا‘ نے عالمی امن کو نقصان پہنچایا ہے اور اس صورتحال میں امت مسلمہ کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، بعض حکمران ٹرمپ جیسے افراد کی حمایت حاصل کرنے کے لیے قطاروں میں کھڑے نظر آتے ہیں۔

ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت نے ’پیٹرول بم‘ گرایا ہے اور ہر لیٹر پیٹرول پر تقریباً 25 فیصد ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔

 

-- مزید آگے پہنچایے --