سابق کپتان سرفراز احمد کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سابق کپتان سرفراز احمد کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ہی تقریباً دو دہائیوں پر محیط ان کا شاندار کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے سرفراز احمد نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں انہوں نے مجموعی طور پر 6 ہزار 164 رنز اسکور کیے، جبکہ وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز لینے کے ساتھ 56 اسٹمپنگز بھی کیں۔

سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی اور ان کی کپتانی میں قومی ٹیم نے کئی تاریخی کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کی۔ اسی دور میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک بھی پہنچا۔

سرفراز احمد وہ واحد پاکستانی کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 2006 میں پاکستان کو انڈر 19 ورلڈ کپ جبکہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جتوائی۔

ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔اپنے ریٹائرمنٹ بیان میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ ان کے مطابق 2006 کا انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 کی چیمپئنز ٹرافی ان کے کیریئر کے یادگار ترین لمحات ہیں۔

انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہل خانہ اور مداحوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور ایک متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی، جبکہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے کھلاڑیوں کو ابھرتے دیکھنا ان کے لیے باعث فخر رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی حمایت اور اعتماد کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے اور پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گی، وہ آئندہ بھی ہر ممکن طریقے سے اس کھیل کی خدمت کرتے رہیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --