پاکستان نے افغانستان میں کارروائیوں سے متعلق بھارتی بیان کو مضحکہ خیز قراردے دیا

پاکستان نے افغانستان میں کارروائیوں سے متعلق بھارتی بیان کو مضحکہ خیز قراردے دیا

پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور سہولت کاری کے اڈوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کے حوالے سے بھارت کے بیان کو مضحکہ خیز، غیر ضروری اور شرمناک حد تک منافقانہ قرار دیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بھارت کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان پر پاکستان کے ردعمل کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں اپنے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خاتمے پر بھارت کی مایوسی قابل فہم ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نے اپنی اقلیتوں کو منظم طریقے سے پسماندہ کرنے، اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے اور یہاں تک کہ سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال بھی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی شرمناک حرکات کے ساتھ بھارت اس طرح کے بیانات دینے کے قابل نہیں ہے اور اسے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے سے باز رہنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔

-- مزید آگے پہنچایے --