صدر آصف علی زرداری نے زور دیا ہے کہ یتیم بچوں کی دیکھ بھال اور انہیں معیاری تعلیم و پرورش فراہم کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں آئیوانِ صدر میں پاکستان اورفن کیئر فورم کے زیرِ کفالت یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
صدر زرداری نے بچوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کو کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جدید تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ان کے لیے وظائف بھی مختص کیے جائیں گے۔
یہ تقریب یتیم دن کے موقع پر منعقد کی گئی، جو ہر سال رمضان المبارک میں اسلامی دنیا میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد یتیم بچوں کے درپیش چیلنجز کے بارے میں آگاہی بڑھانا، سماجی ہم آہنگی مضبوط کرنا اور کمزور بچوں کی جامع دیکھ بھال، تعلیم اور تحفظ کو فروغ دینا ہے، خاص طور پر وہ بچے جو تنازعہ سے متاثرہ علاقوں میں رہ رہے ہیں۔تقریب میں بڑی تعداد میں یتیم لڑکے اور لڑکیاں شریک ہوئے۔