ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: صدر اور وزیرِاعظم کا دوٹوک اعلان

ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: صدر اور وزیرِاعظم کا دوٹوک اعلان

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

اپنے بیانات میں انہوں نے کہا کہ ریاستِ پاکستان اپنے امن، استحکام اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دے گی۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان دباؤ یا دھمکی سے مرعوب ہو جائے گا۔ آج پوری قوم اور ہماری بہادر مسلح افواج مادرِ وطن اور اس کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کی جوابی صلاحیت ہمہ جہت، بروقت اور فیصلہ کن ہے، اور وہ دشمن کے ناپاک عزائم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم تصادم نہیں چاہتے، لیکن اگر کسی نے پاکستان کے امن کو کمزوری سمجھا تو اسے سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے افغان طالبان کی حکومت اپنے شدت پسند گروہ کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ ہماری تمام سفارتی کوششیں اور برادر ممالک کی کاوشیں اس جرائم پیشہ ٹولے کو راہِ راست پر لانے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

صدر نے کہا کہ اس بزدل گروہ نے بین الاقوامی سرحد عبور کر کے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا۔ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر سفارتی ذرائع اختیار کیے اور برادر ممالک کی مدد سے اس گروہ کو اعتدال کی راہ پر لانے کی سنجیدہ کوشش کی، مگر کوئی مثبت پیش رفت نہ ہو سکی۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ مسلح افواج ملک کے امن و سلامتی کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے آراستہ ہیں اور اندرونی و بیرونی ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔

وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے، تاہم ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --