پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق شروع

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق شروع

پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا، چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نےنشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں، مزید 3 طالبان ہلاک کردیے۔

سکیورٹی فورسز نےکرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے اور مزید8 طالبان جنگجو ہلاک کردیے۔ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق 133 افغان طالبان ہلاک جبکہ200 سے زائد زخمی ہوچکےہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق موثر جوابی حملوں میں 12پوسٹیں مکمل تباہ کردی گئی جبکہ 5 پر قبضہ کرلیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے، ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کےخلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔

پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے شروع کر دیے جس میں خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے فائر کئے گئے گولے باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور گرد و نواح میں گرے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جس میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمی افراد کو خار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت میں مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، افغان طالبان نے باجوڑ میں مسجد کو نشانہ بنایا ،افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے متاثرہوئے۔

پاک افغان سرحد پر پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کر لیا اور افغان پوسٹوں پر قومی پرچم لہرا دیا ۔

پاک فوج کے جوانوں نے افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے کہا کہ افغان طالبان سن لو ہم تمہیں بھرپور جواب دے کر دکھائیں گے کہ تم کس سے ٹکرائے ہو، افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا ہے، اسی طرح ہم آئیں گے اور کابل کو بھی فتح کر لیں گے پھر تمہیں پتہ چلے گا کہ تم نے ہم سے کیسے پنگا لیا۔

پاک فضائیہ نے افغانستان پر حملہ کر دیا، ننگرہار کے اندر بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے ننگرہار میں بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کر دیا اور مزید حملے جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 3افغانی بٹالین اورسیکٹرہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ کردیے گئے۔ موثر جوابی کارروائی کے دوران 30سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز بھی تباہ کردیے گئے۔

-- مزید آگے پہنچایے --