وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں پارٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور قومی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ نوازشریف کو پیش کیا اور کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سےکام کیا، پارٹی اور ملک سےوفاداری نبھائی۔نوازشریف نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانےپرمفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیاگیا pic.twitter.com/4v6g242VXv
— PMLN (@pmln_org) September 25, 2022
ترجمان کے مطابق نوازشریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈارکو وزیرِخزانہ کیلئے نامزد کردیا۔اجلاس کا مؤقف تھاکہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی۔
ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نےکہا پیرکو پاکستان پہنچ کر وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل لندن میں وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کی سلیمان شہبازکی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
دو دن کی طویل مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہبازشریف کےساتھ ہی پاکستان روانہ ہوں گے۔
اسحاق ڈارمنگل کو بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔