پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کا مالیاتی بحران امن مشنز کی کارروائیوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے عالمی ادارے کے امن مشنوں کی خصوصی کمیٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کا مالیاتی بحران گشت، نقل و حرکت اور فوجی مشنوں کی موجودگی کو کم کرکے امن کی کارروائیوں کو براہ راست نقصان پہنچا رہا ہے۔
قیام امن میں پاکستان کے دیرینہ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے عاصم افتخاراحمد نے کہا کہ پاکستان چھ دہائیوں سے فوجی تعاون کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے جس کے اڑھائی لاکھ سے زائد امن دستوں نے چاروں براعظموں میں 48 مشنوں میں خدمات انجام دیں۔عاصم افتخاراحمد نے پاکستانی امن فوج کے 182 اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اقوام متحدہ کے پرچم تلے لازوال قربانیاں دیں۔