آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے: وزیرِاعظم شہباز شریف

آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے: وزیرِاعظم شہباز شریف

واشنگٹن (سی این پی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے قابلِ اعتماد اور عملی راستہ اختیار کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرے۔

واشنگٹن میں بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے عوام طویل عرصے سے غیر قانونی قبضے اور شدید مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا اور پائیدار امن کے قیام کے لیے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ اور تعمیرِ نو کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین اور اپنے مستقبل پر مکمل اختیار حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ قراردادوں کی روشنی میں ایک آزاد، خودمختار اور مقامی فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا منصفانہ اور دیرپا حل ہے۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بصیرت افروز اور متحرک قیادت میں مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے صدر ٹرمپ کے منفرد اقدامات اور فعال سفارتکاری قابلِ تحسین ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی جراتمندانہ سفارتکاری نے دنیا کے کئی سنگین تنازعات میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک-بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی بروقت اور مؤثر مداخلت سے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، جس سے ممکنہ طور پر کروڑوں جانوں کے ضیاع سے بچاؤ ہوا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن، انصاف اور مظلوم اقوام کے حقوق کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --