فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو، جرمن قیادت اور دیگر ممالک کے اہم عہدیداران سے ملاقاتیں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو، جرمن قیادت اور دیگر ممالک کے اہم عہدیداران سے ملاقاتیں

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے باسٹھویں میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو، جرمن قیادت اور دیگر ممالک کے اہم عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتِ حال اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنٹ، جرمن چانسلر کے مشیر برائے خارجہ و سلامتی پالیسی گونٹر زاؤٹر اور جرمن مسلح افواج کے سربراہ جنرل کارسٹن بریوئر سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں عصری سلامتی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ و کثیرالجہتی مکالمے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔

فیلڈ مارشل نے برازیل کی مسلح افواج کے سربراہِ مشترکہ عملہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے سے بھی بامقصد ملاقات کی، جس میں دوطرفہ عسکری تعاون پر تبادلۂ خیال ہوا۔

لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی فیلڈ مارشل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عالمی و علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتِ حال اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

 

-- مزید آگے پہنچایے --