وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر آسٹریا پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر آسٹریا پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچین اسٹوکر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا پہنچ گئے ہیں۔

ویانا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد کے موقع پر آسٹریا کی حکومت کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ آسٹریا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچین اسٹوکر کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں رہنما مشترکہ طور پر ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس میں دونوں ممالک کی نمایاں کاروباری شخصیات شرکت کریں گی۔ اجلاس میں باہمی سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔

وزیراعظم پاکستان۔آسٹریا تجارتی فورم سے بھی خطاب کریں گے اور کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں گے۔

مزید برآں، وزیراعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جس کا موضوع "پائیدار ترقی: عالمی امن اور خوشحالی کا راستہ” ہے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے اور باہمی تعاون کے امور پر گفتگو کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے خصوصی معاون بھی موجود ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --