وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے سوشل میڈیا پر توہینِ مذہب سے متعلق مواد کی تشہیر روکنے کیلئے جامع اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے لاہور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مربوط حکومتی کوششوں کے نتیجے میں آن لائن پلیٹ فارمز پر مذہبی مواد کے غلط استعمال کے واقعات میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ حکام باہمی رابطے سے کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت گھریلو تشدد کے خلاف بھی مؤثر قانون سازی کر رہی ہے تاکہ کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ قانون کے تحت عام شہریوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جا سکتے ہیں، جبکہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے مقدمات بھی ان عدالتوں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔