پاکستان اور کینیڈا کا معاشی شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور کینیڈا کا معاشی شراکت داری بڑھانے کے عزم کا اظہار

پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بات وزیرِ تجارت جام کمال خان اور کینیڈا کے وزیرِ تجارت منیندر سدھو (Maninder Sidhu) کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔ گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں موجود تعاون کا جائزہ لیا گیا اور اسے مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں وزراء نے باہمی اقتصادی مفاد کے پیشِ نظر شراکت داری کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کینیڈا کے وزیرِ تجارت نے پاکستان کی جانب سے کینیڈا کے کنولا کی ترسیل کی بحالی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے زرعی تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

فریقین نے دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا اور روایتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس کے علاوہ کینیڈا کے وزیرِ تجارت کو سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے نئے ترجیحی شعبے کے طور پر پاکستان کے معدنیات اور کان کنی کے شعبے پر بڑھتی ہوئی توجہ سے آگاہ کیا گیا، جبکہ کینیڈین کمپنیوں کو اس شعبے میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی گئی۔

-- مزید آگے پہنچایے --