پاکستان کی اسپیشل سروسز گروپ (SSG) کو ملک کی سب سے نمایاں اور پیشہ ور فوجی فورسز میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ فورس اپنی اعلیٰ تربیت، غیر معمولی صلاحیتوں اور محدود وسائل میں مؤثر فیصلے کرنے کی اہلیت کی وجہ سے ایک فورس ملٹی پلائر سمجھی جاتی ہے، جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہے۔
ایس ایس جی کی تربیت کو دنیا کی سخت ترین فوجی تربیتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ کڑی جسمانی مشقیں، شدید ذہنی دباؤ، پہاڑی علاقوں، صحراؤں، برفانی اور دلدلی ماحول میں تربیت اس فورس کو دیگر فورسز سے ممتاز بناتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایس ایس جی ہر قسم کے حالات میں مؤثر اور کامیاب کارروائیاں انجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران، جہاں پاک فوج نے بڑے اور تاریخی آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑی، وہیں وطن عزیز کے تحفظ کے لیے بے شمار جانوں کی قربانیاں بھی دی گئیں۔ اس جدوجہد میں پاک فوج کے بہادر ایس ایس جی کمانڈوز نے دہشت گردوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا اور لازوال قربانیاں پیش کیں، اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
ایس ایس جی کمانڈوز نے نہ صرف عمارتوں کے اندر موجود دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا بلکہ یرغمال بنائے گئے افراد کو بھی بحفاظت بازیاب کروایا۔ ایس ایس جی کمانڈوز کے مضبوط قدموں کی آواز اور ان کی پیشہ ورانہ کارروائیاں ہر پاکستانی کے دل میں جذبۂ حب الوطنی کو تازہ کر دیتی ہیں۔
پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایس ایس جی کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ بے شمار کامیاب انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے ذریعے اس فورس نے ملک میں امن کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
پاک فوج آج بھی ملک کے مختلف حصوں بشمول بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے امن و امان کی بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے، جبکہ دشمن کی سرپرستی میں پھیلنے والی بدامنی کا بھی مؤثر مقابلہ کیا جا رہا ہے۔ ان تمام کوششوں میں ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں کی بے مثال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
اسپیشل سروسز گروپ بلاشبہ قوم کے فخر اور دفاع کی مضبوط علامت ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جہاں پاک فوج ملک بھر میں سرگرم ہے، وہیں ایس ایس جی فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے وطن کے تحفظ کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔