پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں اور پولیسنگ کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اقوامِ متحدہ کی پولیس کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا ہے۔
یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں پولیس کمشنرز کے کردار کے حوالے سے منعقد کیا گیا تھا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں پاکستان کی طویل اور نمایاں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب تک پچاس سے زائد فارمڈ پولیس یونٹس اقوامِ متحدہ کے مختلف امن مشنز کے لیے تعینات کر چکا ہے، جن میں ہیٹی، دارفور، تیمور لیستے اور آئیوری کوسٹ سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
انہوں نے اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے گیارہ پاکستانی پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاکستانی مندوب نے مزید بتایا کہ پاکستان اس وقت ایک فارمڈ پولیس یونٹ کو فوری تعیناتی کی تیاری کی حالت میں رکھے ہوئے ہے، جو عالمی امن کی کوششوں میں مسلسل معاونت کے لیے پاکستان کی تیاری اور عزم کا مظہر ہے۔