دہشت گردوں اور سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

دہشت گردوں اور سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا اور تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشت گردی کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔

فیلڈ مارشل نے یہ بات آج کوئٹہ کے دورے کے دوران کہی۔ دورے کے موقع پر انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور اندرونی سلامتی سے متعلق آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم، عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم ’’فتنہ الہندستان‘‘ کی جانب سے کیے گئے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر جوابی اقدامات سے آگاہ کیا گیا، جن کے باعث دشمن کے بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم ناکام بنائے گئے۔

اس کے علاوہ ریاست کی عملداری مزید مضبوط بنانے، عوام اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں کو سراہا، جنہوں نے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر امن و امان برقرار رکھا۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔

انہوں نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وطنِ عزیز کو غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے بچانے کے لیے ان کی بہادری اور استقامت کی تعریف کی۔

اس سے قبل کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --