وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان نے حالیہ دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران رہنماؤں نے زخمی پولیس افسران سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور بہادری کو سراہا۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شیروں کی طرح دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی جرات مندی کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی سازش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
زخمی پولیس اہلکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت یاب ہونے کے بعد وہ دوبارہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔