ویزا گروپ کے صدر اولیور جینکن نے پاکستان میں مسلسل سرمایہ کاری کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔یہ عزم انہوں نے آج ورلڈ اکنامک فورم کی سالانہ نشست کے موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران ظاہر کیا۔اولیور جینکن نے کہا کہ ویزا پاکستان کے اگلے ترقیاتی مرحلے کو جدت، محفوظ ادائیگی کے حل، اور علم کی منتقلی کے ذریعے سپورٹ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پالیسی کی وضاحت، شفافیت، اور سازگار ماحول بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے جدت کو بڑے پیمانے پر مارکیٹ میں لانے کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے ویزا کی طرف سے عالمی تجربات اور بہترین طریقوں کے اشتراک کی بھی آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ بڑھتی ہوئی سیاحت اور سرحد پار سرگرمیاں پاکستان میں بین الاقوامی ادائیگی کے حل کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ویزا کی مسلسل شراکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پالیسی کی مستقل مزاجی اور واضح اصلاحاتی روڈ میپ پاکستان کی اقتصادی حکمت عملی کے مرکزی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے، کنیکٹوٹی، مالیاتی انفراسٹرکچر اور ریگولیٹری فریم ورک میں بہتری کے لیے سرگرم عمل ہے تاکہ جدت اور نجی شعبے کی شرکت کو فروغ دیا جا سکے۔
دونوں جانبوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جیسے جیسے ڈیجیٹل فنانس عالمی اور مقامی سطح پر ترقی کرے گی، باہمی قریبی شراکت ضروری ہے، اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل تعاون سے آنے والے سالوں میں عملی اور مارکیٹ کے قابل حل سامنے آئیں گے۔