برٹش کونسل نے فنی اور اعلیٰ تعلیم میں موجودہ تعاون کے ساتھ ساتھ غیر رسمی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اظہار آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور برٹش کونسل کے کنٹری ہیڈ James Hampson کی قیادت میں ایک وفد کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کنٹری ہیڈ برٹش کونسل نے وفاقی وزیر کو بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔انہوں نے تعلیم کے شعبے میں ہم آہنگی اور اصلاحات کو مضبوط بنانے کے لیے اس کے ایجنڈے کی اہمیت کو سراہا۔James Hampson نے وفاقی وزیر کو برٹش کونسل کی جانب سے صوبوں میں فنی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے فراہم کی جانے والی خدمات اور معاونت کے بارے میں بتایا۔انہوں نے جاری اقدامات اور تعاون کے مستقبل کے شعبوں کی پیشرفت کے بارے میں بھی اپ ڈیٹس کا اشتراک کیا۔