اقوام متحدہ میں، پاکستان نے اس امر پر زور دیا ہے کہ مغربی دارفور، ایل جینینا اور ایل فاشر میں کئے گئے جرائم کو ہرگز سزا سے بچنے نہیں دیا جانا چاہیے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے کہا کہ پائیدار، قابلِ اعتماد اور مقامی سطح پر مضبوط احتساب کیلئے سوڈان کے قومی عدالتی اداروں کو مضبوط بنانا ایک بنیادی ترجیح رہنا چاہیے۔عثمان جدون نے کہا کہ سوڈان کے برادر عوام امن، انصاف اور باوقار زندگی کے حق دار ہیں۔ اس تنازع کا کوئی فوجی حل موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بدستور مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کرتا ہے اور لڑائی کے خاتمے، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی رسائی، اور تنازع کے حل کیلئے سوڈانی قیادت میں اور سوڈانی ملکیت پر مبنی سیاسی عمل کے آغاز کیلئے سفارتی کوششوں کی تجدید پر زور دیتا ہے۔انہوں نے سوڈان کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کے احترام اور تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔