پاکستان کا 2026 میں یو اے ای اور دیگر ممالک میں آٹھ لاکھ ملازمتوں کا ہدف

پاکستان کا 2026 میں یو اے ای اور دیگر ممالک میں آٹھ لاکھ ملازمتوں کا ہدف

عرب دنیا کے معروف روزنامے خلیج ٹائمز نے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان کے اقدامات کو معیشت کی بہتری کے لیے نہایت اہم قرار دیا ہے۔

ایک مضمون میں روزنامے نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے تارکینِ وطن پاکستانیوں کے مسائل کے حل، مہارتوں میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔

اخبار کے مطابق بیرون ملک روزگار کے مواقع پیدا کرنا مہارتوں کے فروغ اور ملکی معاشی ترقی کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

پاکستان رواں سال متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں آٹھ لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف رکھتا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ساٹھ ہزار زیادہ ہے۔

وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین کے مطابق 2025 میں پاکستان کی افرادی قوت کی برآمد سات لاکھ چالیس ہزار تھی، جبکہ رواں سال اسے بڑھا کر آٹھ لاکھ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق اس وقت نوے لاکھ سے زائد پاکستانی خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک میں مقیم ہیں۔ سمندر پار پاکستانی، جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، گزشتہ سال تقریباً چالیس ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیج چکے ہیں۔

اخبار نے مزید لکھا کہ اٹلی نے گزشتہ ماہ صحت اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کو دس ہزار پانچ سو ملازمتیں بھی فراہم کیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --