صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
صدر اور وزیراعظم نے سندھ حکومت اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد اور تاجروں کو فوری اور مکمل امداد فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فائر فائٹر فرقان علی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے، جو کراچی کے گل پلازہ میں لگی آگ بجھانے کی امدادی کارروائی کے دوران شہید ہوگئے۔ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ فرقان علی نے لوگوں کی جانیں بچاتے ہوئے، اپنی جان کی قربانی دی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم غم کی اس گھڑی میں فرقان علی کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فرقان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔