پنجاب میں سرکاری سطح پر معیاری اورسستی ترین اشیاء کی ہوم ڈیلیوری کے پہلے پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے 35شہروں کے 46 سہولت بازاروں سے فری ہوم ڈیلیوری جاری ہے۔پراجیکٹ کے تحت عوام کو گھر کی دہلیز پر تین لاکھ 12ہزار سے زائد آرڈرز کی ڈیلیوری کامیابی سے مکمل کی گئی، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی فری ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ کے ذریعے 13 اشیائے خورونوش کی فراہمی کی جا رہی ہے۔
پی ایس بی اے فری ہوم ڈیلیوری کے لئے13 بنیادی اشیائے خورونوش کے نرخ ڈی سی نوٹیفائیڈ ریٹ سے بھی کم مقرر کیے گئے ہیں، عوام کو ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ کے تحت ڈی سی ریٹ 7 فیصد تک کم نرخ پر 13اشیائے خورونوش مل رہی ہیں۔
گوگل پلے سٹور اور ایپل پر فری ہوم ڈیلیوری کی ایپ کے ذریعے آرڈر کرنے کی سہولت میسر ہے، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے رائیڈر فری ہوم ڈیلیوری ایپ پر آرڈر گھر گھر پہنچاتے ہیں، عوام کو فری ہوم ڈیلیوری ایپ کے استعمال پر سات فیصد تک بچت اور ڈیلیوری بھی فری ہے۔
فری ہوم ڈیلیوری کے ذریعے آلو، پیاز، ٹماٹر، کدو، لہسن،سیب، کیلا،کھجور، لیموں، امرود اور تربوز آرڈر کیے جا سکتے ہیں، سہولت بازار فری ہوم ڈیلیوری کے ذریعے دال چنا، بیسن، آٹا اور چینی بھی آرڈر کی جا سکتی ہے۔
سی ایم فری ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے 110ملین روپے کی بچت ہوئی ہے، عوام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی گھر کی دہلیز پر فراہمی بے مثال ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کے اثرات کسی صورت عوام تک نہیں پہنچنے دیں گے، یہ ہمارا عزم ہے، فری ہوم ڈیلیوری پراجیکٹ کا دائرہ کار مرحلہ وار پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔