گلگت بلتستان میں شفاف خریداری کا آغاز، ای پیڈز پلیٹ فارم کیلئے پیپرا و جی بی پیپرا کا اشتراک

گلگت بلتستان میں شفاف خریداری کا آغاز، ای پیڈز پلیٹ فارم کیلئے پیپرا و جی بی پیپرا کا اشتراک

وفاقی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور گلگت بلتستان ریگولیٹری اتھارٹی نےگلگت بلتسان میں ای پروکیوومنٹ پلیٹ فارم ای پیڈز کے نفاذ کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخظ کئے ، ایم او یو پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ای پیڈز ، پیپرا شیخ افضال رضا اور گلگت بلتستان پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیکریٹری فنانس نجیب عالم نے دستخط کیے، تقریب میں وفاقی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے بھی شرکت کی۔


وفاقی پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای پیڈز کا ملک بھر میں نفاذ وزیرِاعظم پاکستان کے اکنامک گورننس ریفارم پروگرام کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ یہ اقدام وزیرِاعظم کے "ڈیجیٹل پاکستان وژن” کے ساتھ بھی ہم آہنگ ہے تاکہ سرکاری خریداری میں شفافیت، مسابقت اور احتساب کو فروغ دیا جائے اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں ای پیڈز کے نفاذ کے لیے مکمل تعاون اور تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اس موقع پر ای پیڈز کے نفاذ کو گلگت بلتستان میں پبلک پروکیورمنٹ اصلاحات کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا اس جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری خریداری کے عمل کو شفاف مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے گا، انہوں نے پیپرا سے قریبی تعاون اور مسلسل تکنیکی معاونت کی فراہمی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اشتراک کے ذریعے گلگت بلتستان میں ای۔ پروکیورمنٹ نظام کے مؤثر اور پائیدار نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔


ایم او یو کے تحت گلگت بلتستان میں ای پیڈز کے نفاذ کا عمل شروع ہوگیا ہے، پہلے مرحلے میں گلگت بلتستان کے مختلف سرکاری اداروں کے افسران اور متعلقہ ٹیموں کو جامع تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ کسی قسم کی تکنیکی یا انتظامی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔تقریب کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی حسنات احمد قریشی نے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
یہ مفاہمتی یادداشت گلگت بلتستان میں جدید ای پروکیورمنٹ نظام کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ذریعے سرکاری خریداری کے تمام مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف اور قابل نگرانی بنایا جا سکے گا، اور گڈ گورننس و شفاف طرز حکمرانی کے فروغ میں معاونت حاصل ہوگی۔

-- مزید آگے پہنچایے --