وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کی سخت مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ ایسے واقعات امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعظم نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مبینہ حملہ ایک گھناؤنا فعل اور علاقائی و عالمی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امن کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے ہر قسم کے تشدد کو مسترد کرتے ہوئے روسی صدر، روسی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے بھی ان رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات تنازع کے پرامن حل کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور مکالمے اور سفارت کاری کو ترجیح دیں۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ امن ہی آگے بڑھنے کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے اور مزید بگاڑ سے بچنے کے لیے ذمہ داری اور ضبطِ نفس ناگزیر ہے۔