صدر اور وزیراعظم کا خالدہ ضیا کے انتقال پر اظہارِ افسوس

صدر اور وزیراعظم کا خالدہ ضیا کے انتقال پر اظہارِ افسوس

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے مرحومہ کے اہلِ خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیا کی قیادت اور خدمات کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن کی زندگی بھر اپنے ملک، اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خدمات ایک دیرپا ورثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیا پاکستان کی مخلص دوست تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، دوستوں اور بنگلہ دیش کے عوام سے اظہارِ ہمدردی کیا اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --