خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت سوچے سمجھے پالیسی فریم ورک کے باعث پاکستان معاشی استحکام اور خوشحال مستقبل کی راہ پر گامزن ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان میں نجی اور غیر ملکی سرمایہ کاری معیشت کو مستحکم کرنے اور تیز رفتار ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
این گرو اور اتصالات کی جانب سے جاز میں ایک سو ستاون ارب روپے اور ٹیلی نار پاکستان میں ایک سو آٹھ ارب روپے کی سرمایہ کاری کے ذریعے حصص کے حصول نے ملک میں سرمایہ کاری کے منظرنامے کو وسعت دی ہے۔
اسی طرح میپل لیف کی جانب سے پائنیر سیمنٹ میں چھہتر ارب روپے اور شاٹ گروپ کی جانب سے رفحان مائز میں اڑسٹھ اعشاریہ پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری نے صنعتی شعبے کو ایک نئی جہت دی ہے۔
مزید برآں، عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے پچھتر فیصد حصص ایک سو پینتیس ارب روپے میں حاصل کیے جانے سے ملکی ہوا بازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا نیا دور شروع ہو گیا ہے۔
معدنی شعبے میں پانچ نمایاں سرمایہ کاروں کی جانب سے پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری نے پاکستان کی صنعتی ترقی کی راہ ہموار کی ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی معاہدوں نے اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، آئندہ کیلنڈر سال کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری میں سینتیس فیصد اضافے کے امکانات ہیں، جبکہ سولہ سے زائد شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی معیشت کو مضبوط کرے گی، صنعتی شعبے کو وسعت دے گی اور طویل مدتی معاشی استحکام کے حصول میں مدد دے گی، نیز اس سے ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔