صدر اور وزیراعظم کا محترمہ بے نظیر بھٹو کو جمہوری جدوجہد کی علامت قرار دے کر خراجِ عقیدت

صدر اور وزیراعظم کا محترمہ بے نظیر بھٹو کو جمہوری جدوجہد کی علامت قرار دے کر خراجِ عقیدت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی عظیم بیٹی اور جمہوری جدوجہد کی روشن علامت قرار دیا ہے۔

یہ بات صدر اور وزیراعظم نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی آج منائی جانے والی برسی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کہی۔

صدر آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے جمہوری، شمولیتی، روادار اور ترقی پسند پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی قائد کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں جن کی زندگی اور قربانی پاکستان کے جمہوری سفر سے جڑی ہوئی ہے۔

صدر نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو آئین کی بالادستی، پارلیمان کے اختیار اور عوام کے حقِ انتخاب کے لیے ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وژن ایک ایسے وفاق کا تھا جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے برابری اور وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی وراثت حب الوطنی، جرات اور جمہوری اقدار سے وابستگی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نے سیاست میں ہمیشہ برداشت، ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیا جو آج بھی جمہوریت کے استحکام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کے بااختیار بنانے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کو ایک پُرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے۔ انہوں نے جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے سفر کو جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دریں اثنا، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کے تسلسل، عدلیہ کی آزادی، انتخابی اصلاحات اور خواتین کے سیاسی، سماجی و معاشی بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی اصولی قیادت اور ثابت قدم جدوجہد ہمیشہ قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنی رہے گی، اور انہوں نے ہر قسم کے جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اپنی پوری زندگی عوامی فلاح کے لیے وقف کی۔

-- مزید آگے پہنچایے --