وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ایک جامع قومی توانائی منصوبے کی تشکیل کی اصولی منظوری دی ہے۔اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے قومی توانائی منصوبے کیلئے ایک خصوصی سیکرٹریٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔
وزیراعظم نے تمام وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ اس مجوزہ منصوبے کے تحت ایک قابل عمل اور مربوط حکمت عملی پیش کریں۔انہوں نے زوردیا کہ صنعتوں کو کم سے کم ممکنہ قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنانا اور گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی تبدیلی، خزانہ، صنعتوں اور پیداوار اور پیٹرولیم کی وزارتوں کی سفارشات کو منصوبے میں موثر انداز میں شامل کیا جائے ۔وزیراعظم نے بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کی موثر انداز میں نجکاری کا عمل تیز کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے صنعتوں کو تقابلی نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ ملک کی صنعتی پیداوار کی گنجائش میں اضافہ کیا جاسکے۔