وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے متحدہ عرب امارات کو اہم شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی ہے۔
منگل کے روز اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان یو اے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مشکل اوقات میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا، جس میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون شامل ہے۔
دو طرفہ تجارت کے حجم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو اقتصادی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع اور توانائی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ریلوے اور ہوا بازی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔
اس موقع پر یو اے ای کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے اپنے ملک کے پختہ عزم اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔