حکومت نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے: محمد اورنگزیب

حکومت نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے: محمد اورنگزیب

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے، بالخصوص ٹیکنالوجی پر مبنی اور سرمایہ کاری کے متقاضی شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر کمپنیوں اور وینچر کیپیٹل فرمز پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ اگرچہ مالیاتی تقاضے اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم حکومت کا مقصد ایسا متوازن حکمتِ عملی اپنانا ہے جو کاروباری توسیع میں معاون ہو، معیشت کی دستاویزی شکل کو فروغ دے اور درمیانی سے طویل مدت میں پاکستان کے ڈیجیٹل اور اختراعی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنائے۔

محمد اورنگزیب نے ملک بھر میں ڈیجیٹل رابطے کو ممکن بنانے میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کمپنیوں کے اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ وینچر کیپیٹل کاروباری سرگرمیوں، جدت طرازی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ طویل مدتی سرمایہ کاری کے حصول اور ان شعبوں کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے قابلِ پیش گوئی، شفاف اور ترقی دوست پالیسی اور ٹیکس فریم ورک ناگزیر ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --