صدر،وزیراعظم کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کوخراج عقیدت

صدر،وزیراعظم کا سانحہ اے پی ایس کے شہداء کوخراج عقیدت

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کی برسی کے موقع پراپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے سانحہ اے پی ایس کے کم عمر شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے پیغام میں صدرمملکت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے پاکستان کا عزم قطعی ہے اور دہشت گردوں یا ان کی حمایت، مالی معاونت، پناہ دینے یا جواز فراہم کرنے والوں کیلئے کوئی نرم گوشہ نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ قوم اے پی ایس شہداء کے خاندانوں کے اس صدمے کوصبرسے برداشت کرنے کے جذبے کو ہمیشہ عزت دے گی جنہوں نے پاکستان کیلئے اپنے غم کو طاقت میں بدل دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دشمنی پرمبنی سرگرمیوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور پورے عزم کے ساتھ عوام کا دفاع کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے اپنے عزم میں ہمیشہ متحد، ثابت قدم اور غیر متزلزل رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس سانحہ میں معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ ہماری قومی یادداشت کا حصہ رہیں گی اور دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے ہماری مشترکہ ذمہ داری کی مسلسل یاد دہانی کراتی رہیں گی۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

-- مزید آگے پہنچایے --