وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے سربراہ اسکاٹ ناتھن سے ملاقات کی، جو امریکی ایجنسی ہے اور کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں سرمایہ لگاتی ہے، اس ملاقات میں آفات کے خلاف مزاحمت کرنے والا انفرااسٹرکچر تعمیر کرنے کے لیے نجی سیکٹر کو فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا، جس میں قابل تجدید توانائی، زریعہ معاش، خواتین کے لیے کاروباری مواقع اور زراعت کی بحالی شامل ہیں۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے پاکستان کو بھاری سرمایہ کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اضافی سرمائے کے لیے ڈی ایف سی سمیت دیگر ترقیاتی مالیاتی اداروں کے ذریعے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چینلجز پر قابو پایا جاسکے۔
انہوں نے ڈی ایف سی کے سربراہ کو پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے بحران پر قابو پانے کی کوششوں پر بریفینگ دی، انہوں نے امریکی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔
اسکاٹ ناتھن نے ردعمل میں کہا کہ ڈی ایف سی پاکستان میں نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے، اور امریکی کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبوں کی نشاندہی کے بعد ان کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر وزیرخارجہ نے اسکاٹ ناتھن کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی۔