معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت معذور افراد کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور انہیں مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
صدر نے کہا کہ وفاقی و صوبائی اداروں کے ذریعے معذور افراد کے لیے رسائی، تعلیم، صحت، نقل و حمل اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ایسا پاکستان تشکیل دیا جائے جہاں کوئی شہری پیچھے نہ رہ جائے اور معذور افراد کو ملکی ترقی و استحکام کا اہم حصہ سمجھا جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے اور آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور معاشرتی شرکت کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کے سماجی اور ثقافتی ڈھانچے کا ضروری جزو ہیں جن کی مکمل شمولیت ہی حقیقی سماجی ترقی کا راستہ ہے۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج معذور افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد معذور افراد کے مسائل سے متعلق آگاہی بڑھانا، ان کے حقوق کے لیے حمایت فراہم کرنا اور معاشرے کے ہر شعبے میں ان کی موثر شمولیت کو فروغ دینا ہے۔