وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے سپیشل اکنامک زونز میں ترکیہ کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی کی یورپی یونین ہم آہنگی کمیٹی کے صدر اور رکن پارلیمان برہان کایا ترک سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے ترکیہ کے وفد کا پرتپاک اور پرخلوص استقبال کیا۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، معاشی، ماحولیاتی اور پارلیمانی امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران ترکیہ حکومت اور قوم کی بروقت امداد پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے سپیشل اکنامک زونز میں ترکیہ کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
مریم نواز شریف نے پاک-ترکیہ پارلیمانی وفود اور قانون ساز اداروں کے درمیان مستقل روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلڈ مینجمنٹ، کلین ٹرانسپورٹ، جنگلات کے تحفظ، واٹر کنزرویشن اور کلائمیٹ سمارٹ انفراسٹرکچر میں مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ برہان کایا ترک کی لاہور آمد ہمارے لئے باعثِ اعزاز ہے، یہ دورہ لازوال بھائی چارے، مشترکہ تاریخی ورثے اور باہمی اعتماد کا زندہ ثبوت ہے، بدلتے ہوئے علاقائی منظرنامے میں پاک-ترکیہ اعلیٰ سطح کے روابط امن و استحکام اور خوشحالی کے اجتماعی عزم کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے پاک-ترکیہ تعلقات میں تعاون کے مختلف شعبوں کی اہمیت بھی اجاگر کی، جن میں کلائمیٹ قانون سازی، مقامی حکومت، ڈیجیٹل ایکسچینج اور یوتھ ایمپاورمنٹ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان-ترکیہ باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں اور پاکستان نے مجوزہ اکنامک زون کا نام "صدر رجب طیب اردوان اسپیشل انڈسٹریل زون” رکھنے کی تجویز دی ہے۔وزیراعلیٰ نے پاکستان میں ترکی کی سرمایہ کاری کے شعبوں جیسے تعمیرات، توانائی، شہری منصوبہ بندی، لاجسٹکس اور مائننگ میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا، پنجاب حکومت پاک-ترکیہ تعلقات کو معیشت، ماحولیات، سرمایہ کاری اور عوامی فلاح میں دیرپا تعاون میں بدلنے کیلئے پرعزم ہے۔