پارلیمنٹ کے تقدس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا: ایاز صادق

پارلیمنٹ کے تقدس کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا: ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ کسی کو بھی طاقت کے زور پر پارلیمنٹ کی کارروائی کو سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

اپوزیشن رکن محمود خان اچکزئی کے پارلیمنٹ کو طاقت کے ذریعے روکنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تقدس کا ہر صورت میں دفاع کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست مخالف، پاکستان مخالف اور پارلیمنٹ مخالف رویوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر شمایلہ رانا نے محمود خان اچکزئی کے اشتعال انگیز بیان کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ان کے بیانات نفرت کو ہوا دیتے ہیں اور پارلیمنٹ کو طاقت سے روکنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ قرار داد میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایسے بیانات عوام کے مینڈیٹ کے خلاف اور پارلیمنٹ جیسے مقدس ادارے پر حملے کے مترادف ہیں۔

تاہم سپیکر نے قرار داد کو ووٹنگ کے لیے پیش نہیں کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ کا تحفظ اجتماعی کوششوں سے یقینی بنایا جائے گا، اس کے لیے رسمی قرار داد کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دہراتے ہوئے کہا کہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دے رہے تھے۔

ایوان نے وفاقی استغاثہ سروس (ترمیمی) بل 2025 اور نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2025 اور دی جنرل اسٹیٹیسٹکس (ری آرگنائزیشن) (ترمیمی) بل 2025 بھی ایوان میں پیش کیے گئے۔

-- مزید آگے پہنچایے --