پاکستان اور سری لنکا نے کھیلوں کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جسے دونوں ممالک نے عوامی رابطوں کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا ہے۔یہ اتفاقِ رائے وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور سری لنکا کے نائب وزیر برائے امورِ نوجوانان و کھیل سوگتھ تیلکراتنے کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا، جس میں سری لنکن وفد بھی موجود تھا۔
ملاقات میں کرکٹ کے فروغ، کھیلوں میں باہمی تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان خطے میں کھیلوں کی سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔سری لنکا تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ کھیلوں میں تعاون نوجوان نسل کو قریب لانے اور دونوں ملکوں کے عوامی تعلقات مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے سری لنکن حکومت اور قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے نائب وزیر کا پاکستان آنا، باوجود اس کے کہ ان کی پارلیمنٹ میں بجٹ سیشن جاری ہے، دونوں ممالک کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ خصوصاً کھیلوں اور امورِ نوجوانان کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔
سری لنکن وفد نے پاکستان کی کھیلوں کی سفارت کاری کے فروغ کے لیے غیر متزلزل عزم اور شاندار مہمان نوازی کی بھرپور تعریف کی، جبکہ سہ ملکی سیریز کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے کیے گئے فول پروف انتظامات کو بھی سراہا۔