نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے 27ویں بیج کے شرکا نے گوادر کا دورہ کیا جہاں انہیں سی پیک کی اسٹریٹجک اہمیت، گوادر پورٹ کے محفوظ انتظام اور ساحلی نگرانی کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔جی او سی گوادر نے خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام، سرمایہ کاری، تجارت اور مقامی ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔دورے کے دوران چائنا بزنس سینٹر گوادر میں بھی خصوصی بریفنگ کا اہتمام کیا گیا، جہاں شرکا کو گوادر پورٹ پر جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔
شرکا کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے، اسمگلنگ کی روک تھام اور ساحلی علاقوں کی سیکیورٹی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مربوط کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے پاک فوج کی جانب سے خطے میں امن کے قیام، محفوظ ماحول کی فراہمی اور مکران ڈویژن میں ترقی کی رفتار تیز کرنے کی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ورکشاپ کے شرکا نے خطے میں مثبت اور دیرپا تبدیلی، سرمایہ کاری کے مواقع اور شاندار سیکیورٹی انتظامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان پوائنٹ گوادر اور پاکستان نیول شپ کا بھی دورہ کیا۔