پاکستان نے 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔سری لنکا کے289 رنز کا ہدف پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کیا اور یوں سیریز میں بھی 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے سری لنکا کو بیٹنگ دی، سری لنکا کی ابتدائی چار وکٹیں 98 کے اسکور پر گر یں، پانچویں وکٹ پر سمارا وکرما اور جینتھ لیانگے نے 61 رنز جوڑے، وکرما 42رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ پر لیانگے اور مینڈس نے 73 رنز کی شراکت سے ٹیم کو سنبھالا دیا، مینڈس 44رنز بناکر میدان سے باہر گئے، لیانگے نے 54رنز کی اننگز کھیلی۔
آخری اوورز میں ونندو ہسارانگا نے 37 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 8 وکٹ پر 288رنز تک پہنچانے میں مدد ددی او وہ 37رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔گرین شرٹس کی جانب سے ابرارا حمد اور حارث رؤف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے مستحکم آغاز کیا گیا اورپہلی وکٹ پر فخر زمان اور صائم ایوب نے 77 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، صائم ایوب 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد فخرزمان 78 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اور رضوان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دونوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 49 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا اور یوں سیریز میں بھی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
بابر اعظم 102 اور محمد رضوان 51 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آج کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ سلمان علی نے کپتانی کی۔پاکستان اور سری لنکا کے مابین سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔